ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلا دیش نے سخت مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے شکست دے دی
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیشی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اکیس ویں اوور میں محض چھیاسی رنز تک بنگلہ دیش کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی چھٹی وکٹ پر محمود اللہ اور امرا القیس نے ایک سو اٹھائیس رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ بنگال ٹائیگرز نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دوسو انچاس رنز بنائے۔ افغانستان نے مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر دوسوچھیالیس رنز بنائے یوں تین رنز کی کمی سے افغان ٹیم میچ نہ جیت سکی، حشمت اللہ نے اکہتر اور محمد شہزاد نے تریپن رنز بنائے۔ افغانستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے سات رنز درکار تھے تاہم مستفیض الرحمان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چار رنز دے کر اپنی ٹیم کو تین رنز سے فتح دلادی۔