ایشیئن جونیئر سکوائش چیمپئن شپ بدھ بھارت میں شروع ہوگی۔
ایشیئن جونیئر سکوائش چیمپئن شپ بدھ سے بھارت کے مشہور شہر چنائی میں شروع ہوگی جو چار دن جاری رہنے کے بعد 29 ستمبر کو انڈین سکوائش اکیڈمی میں اختتام پذیر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم ایشیئن جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کریگی ۔ ایونٹ 26 سے 29 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں عباس زیب، عزیز شوکت، حارث قاسم، اسد اللہ، انس بخاری، حمزہ خان اور اصحاب عرفان پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان کے مطابق پاکستانی کھلاڑی انڈر 13، انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹگریز کے مقابلوں میں ٹائٹلز کے حصول کیلئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ عباس زیب اور عزیز شوکت انڈر 19، حارث قاسم اور اسداللہ انڈر 17، انس بخاری انڈر 13 جبکہ اصحاب عرفان اور حمزہ خان انڈر 15 کیٹگریز کے مقابلوں میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔