شیر کے ساتھ گھومنے والا شہری گرفتار ،مقدمہ درج
سعودی شہر جد ہ میں پولیس نے عوامی مقامات پر شیر کے ساتھ گھومنے والے سعودی شہری کو گرفتار کر لیا۔شہری کے خلاف پولیس نے قانون شکنی کے الزام پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جدہ شہر کی اہم شاہراہ پر شیر کو دیکھ کر لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق جدہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص شیر کے ساتھ عوامی مقامات پر گھوم رہا ہے جس سے لوگوں میں خوف ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔پولیس کو دیکھ کر سعودی شہری نے اپنے پالتو شیر کو گاڑی میں سوار کرایا اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔شیر کو بلدیہ کے حیوانات کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص ادارے کے اہلکاروں کے سپرد کر دیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق خوف ناک درندوں کو خواہ وہ پالتو ہی کیوں نہ ہوں اس طرح عوامی مقامات پر لے جانا خلاف قانون ہے۔ ایسا کرنے والوں کے لیے سزا مقرر ہے۔