اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا نواحی گاوں کا دورہ
اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا نواحی گاوں کا دورہ ، پسماندہ طبقے کو اعلی تعلیم کے دھارے میں لانے کا عزم اعلی تعلیم کے بغیر علاقے کی ترقی ممکن نہیں، اوکاڑہ یونیورسٹی کے دروازے عام آدمی کےلیے کھلے ہیں: پروفیسر زکریا ذاکر اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے اپنی فیکلٹی کے ہمراہ اوکاڑہ کے ایک نواحی گاوں موضع جوئیہ کا دورہ کیا اور وہاں کسانوں اور مزدوروں کے خاندانوں کواس بات کی ترغیب دی کہ وہ اپنے بچوں، خاص طور پر لڑکیوں ،کو اعلی تعلیم کے لیے بھیجیں۔ مقامی کمیونٹی سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یہ ان کا فرض منصبی ہے کہ وہ اس علاقے میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کریں۔ اس سلسلے میں اوکاڑہ یونیورسٹی نے ایک کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کا آ غاز کیا ہے جس کے تحت اوکاڑہ سے منسلک مختلف دیہی علاقوں میں وہ خود جا کر پسماندہ طبقات میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی ایک روایتی اور کمرشل ادارہ نہیں ہے بلکہ اس کے دروازے معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں افراد کے لیے کھلے ہیں اور تمام طلباء کےلیے تمام شعبہ جات میں مساوی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی انڈسٹری کے عصری تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اپنے طلباء کی پیشہ وارانہ تربیت پہ بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ یونیورسٹی کے ڈگری لینے کے بعد ہر طالب علم اپنا با عزت روزگار کما سکےاور ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس علاقے میں اعلی تعلیم کے فروغ کے ذریعے پسماندہ طبقات کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں گے۔ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کا دائرہ مزید دیہی اور پسماندہ علاقوں تک بھی وسیع کیا جائے گا۔ پروگرام کے اختتام پر یونیورسٹی کے اساتذہ نے گاوں میں ایک سروے بھی کیا جس میں مقامی کمیونٹی کے اعلی تعلیم کے متعلق رجحانات اور توقعات کا جائزہ لیا گیا۔