وزیر اعظم عمران خان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب آج کریں گے
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب آج کریں گے جو امریکا کے وقت کے مطابق 4 بج کر 35 منٹ پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان افغانستان کی صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متعلق اقوامِ متحدہ کے اجلاس سے ورچؤل خطاب آج کریں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق وزیر اعظم کا خطاب رات کو 1 بج کر 35 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ورچؤل خطاب کے موقعے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موجود ہوں گے۔ خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان عالمی برادری کو مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی فوج کے ظلم و بربریت سے آگاہ کرتے ہوئے مودی کا سفاک چہرہ بے نقاب کریں گے۔ خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔ دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال اور پاکستان کی وائرس سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر بھی گفتگو ہوگی۔ افغانستان کی صورتحال کے متعلق پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کیا جائے گا۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلیوں اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبے پر بھی روشنی ڈالیں گے اور ماحولیاتی آلودگی، گرین ہاؤس اثرات، گلیشیئرز کے پگھلنے سے پاکستان کو ہونے والے نقصانات اور ان کے ازالے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر آگہی دیں گے۔