بینک صارفین کیلئے قرضوں پر شرائط میں تبدیلی
کراچی : اسٹیٹ بینک نے صارف قرضوں پر شرائط کڑی کر دیں ، جس کے تحت صارف قرض کی صلاحیت 50 سے کم کر کے 40فیصد کردی جبکہ گاڑی کے قرض کے لئے 30 فیصد ڈاؤن ہے منٹ دینا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے درامدات کم کرنے اور روپے کی قدر میں استحکام کے لئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے صارف قرضوں پر شرائط کڑی کر دیں۔ اس سلسلے میں ملک میں 1000سی سی انجن کپیسٹی سے زائد کی بنی ہوئی / اسمبل کی ہوئی گاڑیوں کے قرضوں کے لیے، اور صارفی قرضے کی دوسری سہولتوں جیسے ذاتی قرضوں اور کریڈٹ کارڈز کے لیے ضوابطی تقاضے سخت بنائے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اس میں گاڑیوں کے قرضوں کی زیادہ سے زیادہ مدّت سات سال سے کم کر کے پانچ سال کردی گئی ہے، ذاتی قرضے کی زیادہ سے زیادہ مدت پانچ سال سے کم کر کے تین سال کر دی گئی ہے۔ ڈیٹ برڈن (debt-burden ratio)کا زیادہ سے زیادہ تناسب جس کی قرض گیر کو اجازت ہوتی ہے، 50سے کم کر کے 40فیصد کر دیا گیا ہے، کسی ایک فرد کے لیے تمام بینکوں / ترقیاتی مالی اداروں سے گاڑیوں کے قرضے کی جو مجموعی حد ہے، وہ کسی بھی وقت تیس لاکھ روپے سے زائد نہیں ہوگی۔