ویکسی نیشن میں مدد کے بجائے الزام لگا کر پاکستان کو نقصان پہنچایا جارہا ہے: یاسمین راشد
لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لوگ ویکسی نیشن میں مدد کے بجائے جھوٹے الزام لگا کر پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، غفلت سامنے آنے پر ذمے داران کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین لگانے کی ذمے داری اسپتال کے سربراہ کی ہوتی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ غفلت سامنے آنے پر ذمے داران کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے اور انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں نوید نامی ایک شخص نے ویکسین اندراج کرنے والے کو فون کر کے کہا کہ میرے والد کی انٹری نہیں ہوئی، ویکسین کا اندراج کرنے والے نے کہا کہ نوید کے ان پر کافی احسانات تھے، نوید نے شناختی کارڈ نمبر بتا کر اندراج کروا دیا۔