اسلام آباد ہائیکورٹ کا سی ڈی اے کو فرانس کالونی پل دوبارہ تعمیر کرانے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو فرانس کالونی پل دوبارہ تعمیرکرنے اور رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں کچی آبادیوں کے مسائل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عدالتی معاونین اور اٹارنی جنرل کے نامزد نمائندے پرمشتمل جائزہ کمیشن تشکیل دیا تھا۔سماعت کے دوران عدالتی معاون عمرگیلانی ایڈووکیٹ کی جانب سے ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق کچی آبادی سرکاری زمین پرغریب لوگوں کی آبادی کو کہا جاتا ہے۔ نجی زمین اورسرکاری زمین کا معاملہ اس حساب سے مختلف ہے، ملک کی شہری آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ کچی آبادیوں میں رہتا ہے۔ عدالت کو کچی آبادیوں اور انکے مکینوں کے بارے میں حساس رویہ اپنانا چاہیے۔رپورٹ کے ساتھ کچی آبادیوں سے متعلقہ قانونی اور پالیسی دستاویزات بھی منسلک کی گئیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کو فرانس کالونی پل دوبارہ تعمیر کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔