وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں سویڈن ہم منصب اینا لنڈے سے ملاقات
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے76 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سویڈن کی وزیر خارجہ اینا لنڈے سے ملاقات کی،وزیر خارجہ نے اپنے سویڈش ہم منصب کو افغانستان کی صورتحال اور خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان بتدریج بڑھتے ہوئے کثیرالجہتی تعلقات کو "کثیرالجہتی شراکت داری" میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نے گذشتہ ماہ ہونیوالی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سویڈن کو یورپی یونین میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور سویڈن کے مابین دو طرفہ تجارت سرمایہ کاری ، صاف توانائی ترقیاتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں،وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق "اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے "کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے سویڈن کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو سراہااور اسے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا.مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سویڈن کی موثر کاروباری کمپنیاں، پاکستان کے "بزنس فرینڈلی "ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے میسر مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، اس تناظر میں مشترکہ کاروباری کونسل، B2B تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتی ہے.وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سویڈن کی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔