نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کا معاملہ، ہسپتال کے ایم ایس، ایم او معطل
لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے پر پنجاب کے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم اور سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیر احمد کو معطل کردیا۔محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں سینئر ڈاکٹروں کو غفلت اور نااہلی کے باعث معطل کرکے محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کردیا گیا اور انہیں ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔