رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان سعودی عرب کے 3 شہروں میں ”بریانی فیسٹیول“منعقد کرے گا۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (آر ای اے پی) کے زیر انتظام آئندہ ماہ مئی میں سعودی عرب کے تین بڑے شہروں میں ”بریانی فیسٹیول“منعقد کئے جائیں گے جس سے سعودی عرب کو باسمتی چاولوں کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی ۔ سعودی عرب کا شمار دنیا کے دو بڑے باسمتی چاول استعمال کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ آر ای اے پی کے بیان کے مطابق بریانی میلوں کا انعقاد ریاض ‘ دمام اور جدہ میں کیا جائے گاجبکہ سعودی عرب کے دیگر شہروں میں درآمد کنندگان کے ساتھ رابطے کئے جائیں گے۔ باسمتی چاولوں کی برآمدات کے فروغ کے لئے پاک سعودی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانہ بھی ایسوسی ایشن کو معاونت فراہم کررہے ہیں ۔ بیان کے مطابق سعودی عرب میں بریانی میلوں کے انعقاد سے باسمتی چاولوں کی ملکی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کے استحکام میں بھی معاونت حاصل ہو سکے گی۔