پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ملیریا سے بچاؤ کا دن منایا جارہا ہے

عالمی ادار صحت کے مطابق ملیریا کے زیادہ تر شکار افراد کا تعلق افریقی ممالک سے ہے۔ ترقی یافتہ ممالک بھی اس کے وار میں آجاتے ہیں۔ ملیریا کے پھیلاؤ کا باعث خاص قسم کا مچھر ہے۔ مرض کی علامات مچھر کے کاٹنے کے سات سے دس روز بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ بخار سردی لگنا،سر درد، الٹیاں آنا مرض کی علامات میں شامل ہے۔ بروقت علاج شروع کیا جائے تو ملیریا کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق ہرتیس سیکنڈ بعد ہونے والی ایک موت کی وجہ ملیریا کا مرض ہوتا ہے۔ دنیا میں ہر سال دس لاکھ افراد اس مرض کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ ملیریا سے بچاؤ اور اس کے علاج کے لئے ادویات اور ذرائع موجود ہیں۔ صفائی نہ ہونے کے سبب پسماندہ علاقوں میں اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کا تناسب زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں احتیاطی تدابیر سے ملیریا کے پھیلاؤ میں کمی آرہی ہے۔ پاکستان میں ملیریا ہرسال سینکڑوں لوگوں کیلئے موت کا پروانہ ثابت ہوتا ہے۔