مصباح الحق ٹیسٹ کیریئر کے 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے ساتویں پاکستانی بلے باز بن گئے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان اور سینئر بلے باز مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کے 5 ہزار رنز مکمل کرلئے۔ انہوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز حاصل کیا۔ وہ یہ اعزاز پانے والے ساتویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ گرین شرٹس کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز یونس خان کو حاصل ہے جنہوں نے دس ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں اس کے علاوہ مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کرکٹر ہیں اور بطور کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹرز کی فہرست میں نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ مصباح الحق 99 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہنے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے چھٹے بلے باز بن گئے، مصباح الحق سے قبل سابق برطانوی اوپنر جیفری بائیکاٹ 1979ءمیں، سابق آسٹریلوی کپتان سٹیووا 1995ءمیں، ایلکس ٹوڈور1999ءمیں، سابق جنوبی افریکن آل راﺅنڈر شان پولاک2002ءمیں، اینڈریو ہال بھی 2003ءمیں آخری کھلاڑی کے آﺅٹ ہونے کے باعث اپنی سنچری کرنے سے محروم رہے۔ مصباح الحق نے اب تک 73 میچز کی 127 اننگز میں 46.75 کی اوسط سے 5050 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 10 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انکا بہترین سکور ناقابل شکست 161 رنز ہیں۔واضح رہے کہ مصباح الحق نے انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا ہے اور کالی آندھی کے خلاف ٹیسٹ سیریز ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہو گی۔