سعودی عرب: انعامات کا جھانسہ دیکر لوٹنے والے 11پاکستانی گرفتار
سعودی پولیس نے انعامات کا جھانسہ دے کر تارکین کو بیوقوف بنانے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ پولیس کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ الربوہ محلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گروہ کے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو انعامات کا جھانسہ دے کر تارکین کو لوٹتے تھے۔ یہ افراد ٹیلیفونک رابطے، ایس ایم ایس اور وٹس ایپ کے ذریعے تارکین کو یہ پیغام بھیجتے کہ فلاں کمپنی یا فلاں تجارتی مرکز کی قرعہ اندازی میں آپ کا نام بھاری انعام نکلا ہے۔ مزید تفصیلات جاننے کیلئے نجی کوائف اور بینک اکاﺅنٹ کی تفصیلات طلب کرتے۔ ان کے قبضے سے 19 موبائل فون اور 36 سمیں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کو پبلک پراسیکوشن کی تحویل میں دے دیا گیاہے۔