انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی
ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی، عدالت نے عمران خان کی بریت کی درخواست پر فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد دس اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا ، سماعت کے دوران عمران خان کی عدم موجودگی پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جائے گا۔ عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کر لیا، اس موقع پر عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ عمران خان کو بلالیں آج ہی فیصلہ سنانا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ عدم پیشی کے باعث کیس کی سماعت چار مئی تک ملتوی کردی گئی، جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان آیندہ پیشی پر حاضرہوں، عدم پیشی کی بنا پر وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 2014 میں حکومت مخالف دھرنے کے دوران عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ایس ایس پی تشدد، پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات درج کیے گئے تھے