لاہور: بھائی نے فائرنگ کر کے دوبہنوں اور باپ کو قتل کردیا
لاہور کے علاقے تھانہ شفیق آباد کی حدود میں گھریلو جھگڑے کی لرزہ خیز واردات میں چار افراد قتل ہو گئے ۔ملزم نے فائرنگ کر کے دو بہنوں اورباپ کو قتل کر دیا ہے ۔ واقعے کے بعد ملزم نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والا بھائی میو اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شفیق آباد کے علاقے میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں جاں بحق ہونے والی دو بہنوں کی شناخت سدرہ اور مریم کے نام سے ہوئی ، فائرنگ سے بچیوں کا والد ریاض بھی جاں بحق ہوا ، جبکہ ملزم اویس نے قتل کرنے کے بعد خود بھی مبینہ توڑ پر خودکشی کر لی ہے۔ فائرنگ سے ایک بھائی فرحان زخمی بھی ہوا ہے جو میو ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ کہ واقعے کی تحقیقات کی جاری ہیں ، فرانزک کی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ زخمی فرحان کے بیان کے بعد مزید حقائق سامنے آ ئیں گے ۔ محلے دار فرید کا کہنا تھا کہ واقعہ افسوس ناک ہے ، مقتول اویس کا اپنے گھر والوں کے ساتھ اپنی بیوی کو واپس لانے پر اکثر اوقات تلخ کلامی ہوتی تھی ،اویس کا اپنے سسرال والوں کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا۔ واقعہ غیرت کے نام پر نہیں لگ رہا۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور زخمی فرحان کے بیان کے بعد ہی حقائق سامنے آ سکیں گے