جعلی بینک اکائونٹس کیس: گرفتار اکائونٹنٹ محمد حنیف7روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میںپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی پارک لین کمپنی کے گرفتار اکائونٹنٹ محمد حنیف کوسات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کر دیا۔ نیب راوالپنڈی کی جانب سے محمد حنیف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالتکو بتایا کہ ملزم نے نہ صرف نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرضہ لیا بلکہ اسے خورد برد بھی کیا اور قومی خزانہ کو بھی نقصان پہنچایا لہذا ان سے تفتیش کرنی ہے اور ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ملزم کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کیا جائے۔ اس موقع پر عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کی عمر کیا ہے تو محمد حنیف نے بتایا کہ میر ی عمر 58سال ہے ۔ جبکہ عدالت کی جانب سے ان سے وکیل کے بارے میں پوچھا گیا تو محمد حنیف نے کہا کہ میرا کوئی وکیل نہیں ہے۔ عدالت نے ملزم کو ساتھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کرتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ پارک لین کمپنی میں گرفتار تمام ملزمان کو 2مئی کوعدالت میں پیش کریں اور ملزم سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد عدالت کو آگاہ کیا جائے۔واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری پارک لین کمپنی کے شیئر ہولڈر ہیں۔