اسٹاک ایکسچینج کے سسٹم میں فنی خرابی، کاروباری سرگرمیاں معطل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ای)میں ٹریڈنگ کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔پی ایس ایکس کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس کے مطابق کاروباری سرگرمیاں اس وقت معطل کی گئیں جب مختلف بروکرز کی جانب سے یہ شکایات موصول ہوئیں کہ وہ سسٹم کے ذریعے اپنا آرڈر نہیں دے پارہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا کہ 25 بروکرز کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد تکینکی خرابی کی نشاندہی کی گئی اور کاروباری سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کیا گیا۔تاہم اس کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے نہیں بتایا گیا جبکہ کہا گیا کہ جیسے ہی ٹریڈنگ شروع کی جائے گی تو بروکرز کو آگاہ کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ جب ٹریڈنگ معطل کی گئی اس وقت پی اسی ایکس 100 انڈکس 186 پوائنٹس کی اضافے کے ساتھ 36،688 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔رواں ماہ اسٹاک مارکیٹ پریشانی کا شکار رہی ہے جہاں کے ایس ای 100 انڈکس گزشتہ تین سال کی کم ترین سطح پر آگیا تھا تاہم دن کا اختتام 100 پوائنٹس کے اضافے پر ہوا۔اہم بینکوں بشمول حبیب بینک لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور مسلم کمرشل بینک کی جانب سے صحت مند آمدنی دکھانے کے بعد سرمایہ کاروں نے سکون کا سانس لیا۔