اسلام آباد:تربیلا، منگلا، چشمہ میں اس سال پانی وافر مقدار میں موجود
ملک کے 3 بڑے آبی ذخائر تربیلا، منگلا اور چشمہ میں گذشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال پانی وافر مقدار میں موجود ہے۔ان ذخائرکی وجہ سے زرعی شعبے میں پانی کی ضرورت آسانی سے پوری ہو سکے گی، آنے والے دنوں میں زیادہ پن بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی، جبکہ پانی کے معاملے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا۔واپڈا کے ترجمان کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ میں مجموعی طور پر 70 لاکھ 18 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے، جو گزشتہ سال انہی دنوں میں 41 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تھا۔آبی ذخائر میں گزشتہ 10 سال کی اوسط دستیابی کے مقابلے میں 54 لاکھ 96 ہزار ایکڑ فٹ پانی زیادہ ہے۔تربیلامیں 24 لاکھ 19 ہزار ایکڑ فٹ، منگلا میں 44 لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ اور چشمہ میں ایک لاکھ 76 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔پانی کی اس صورتِ حال کی وجہ سے صوبوں کو آب پاشی کے لیے معمول سے زیادہ پانی دستیاب ہو گا۔ترجمان کے مطابق کورونا کی وبا کے باوجود واپڈا تمام حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لا رہا ہے، صرف ضروری انجینئرز اور اسٹاف کے ساتھ تمام پن بجلی گھروں کو موثر طور پر فعال رکھا گیا ۔گذشتہ روز پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 510 میگاواٹ رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 ہزار میگاواٹ زیادہ ہے۔ترجمان کے مطابق اِس سال موسمِ گرما میں ہائی فلو سیزن کے دوران واپڈا پن بجلی کی پیداوار ساڑھے 8 ہزار سے 9 ہزار میگاواٹ تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ سکتی ہے۔