ماہ صیام کی آمد، لیموں 200 روپے کلو مہنگے
رمضان المبارک کی آمد، لیموں 200 جبکہ چکن 10 روپے کلو مہنگا ہو گیا۔تفصیل کے مطابق ایرانی بارڈر بند ہونے اور رمضان المبارک شروع ہونے پرلیموں کی قیمت 200 روپے سے بڑھ 400 روپے کلو ہو گئی،اسی طرح ایرانی کھجور چند روز قبل ہی دگنی مہنگی ہو کر 16 ہزار روپے من ہو گئی تھی جس کی قیمت 400 روپے کلو بنتی ہے ۔دوسری طرف برائلر کی قیمت میں ایک ہی روز میں 10روپے کلو اضافہ کردیا گیا،گوشت کی قیمت202سے بڑھ کر 212روپے کلو ہو گئی۔ زندہ مرغی 7 روپے اضافے کے بعد 146روپے کلو ہو گئی،2دنوں میں برائلر گوشت 21روپے کلو مہنگا ہوا۔علاوہ ازیں آج پہلا روزہ ہونے کے باوجود پنجاب حکومت کی طرف سے اشیائے خورونوش پر عام ریلیف دینے کا اعلان نہیں کیا گیا۔رمضان بازار لگیں گے اور نہ ہی سحروافطار میں سینکڑوں دستر خوان لگائے جائیں گے ۔کورونا وبا کے پیش نظر 31ریلیف رمضان بازاروں کا بوجھ 10 ماڈل بازاروں پر پڑ گیا ہے ، سفید پوش طبقہ حکومتی ریلیف کا منتظر ہے ،ماہ رمضان میں آٹا ،چینی ،گھی ،دالوں ،سبزیوں و پھلوں پر کوئی سبسٹڈی نہیں دی گئی ،شہری من مانے ریٹس پر اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں ۔منافع خوروں اور اور ذخیرہ اندوزوں کی پکڑ دھکڑ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قرنطینہ سنٹرز میں ڈیوٹیاں دے رہے ہیں۔ دوسری طرف ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے صوبے میں موجود 32 جبکہ شہر لاہور کے 10ماڈل بازاروں میں عوام کو 20کلو آٹے کا تھیلا 805روپے میں ملے گا،ماڈل بازار ہفتہ بھر کھلے رہیں گے جہاں سبزیاں اور پھل ڈی سی ریٹ سے بھی کم قیمت پر فروخت کئے جائیں گے ۔اشیاضروریہ بازار سے 5 سے 15 روپے کلو تک سستی ہونگی۔ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے کہا شہرمیں موجود5 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے سٹورز ،سبزی فروش سرکاری نرخوں کے مطابق اشیا بیچ رہے ہیں ،رمضان بازار اور مدنی دستر خوان نہیں لگائے جائیں گے مگر قرنطینہ سنٹر زمیں آنے والوں کے لئے باقاعدہ سحری اور افطار ی کے انتظامات کئے جائیں گے ۔