دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 97 ہزار 297،28لاکھ 31متاثرین
دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 97 ہزار 297 ہوگئی، 28 لاکھ 31 ہزار عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، روزانہ سیکڑوں اموات اور نئے کورونا کیسز سامنے آرہے ، امریکہ میں 9لاکھ 25 ہزار 38 افراد کورونا سے متاثر جبکہ کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 52185تک پہنچ گئی، ہزاروں افراد تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں، بحری بیڑے یو ایس ایس کڈ پر تعینات 18 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔سپین میں ہلاکتیں 22 ہزار سے زائد، اٹلی میں 26 ہزار کے قریب، فرانس میں 22 ہزار 245 جرمنی میں 5760 افراد ہلاک ہوگئے۔ فرانس میں 1500 فوجی اہلکار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں 19 ہزار 506 افراد لقمہ اجل بن گئے۔بھارت میں کورونا سے 780 افراد ہلاک اور 24 ہزار 506 متاثر ہیں،بیلجیم میں 6 ہزار 490 افراد لقمہ اجل بن چکے ۔چین جہاں دنیا میں سب سے پہلے وائرس سامنے آیا تھا وہاں اب نئے کیسز اور اموات تقریبا تھم گئی ہیں۔ چین میں اب تک 4 ہزار 632 ہلاکتیں اور 82 ہزار 804 افراد متاثر ہیں۔ایران میں 5 ہزار 481 افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ برازیل میں 3 ہزار 331 اور کینیڈا میں 2 ہزار 147 زندگیاں ضائع ہو چکیں۔کورونا وائرس نیدر لینڈ میں بھی 4 ہزار 177 جانیں لے چکا ہے جب کہ ترکی میں 2 ہزار 491 اور سوئٹزرلینڈ میں 1549 افراد مر گئے ۔ دنیا بھر میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 806,894 ہے۔ادھر چین نے کورونا وائرس کے حوالے سے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ لندن میں چین کے نائب سفیر چن وین نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کے اس انکوائری کے مقاصد سیاسی تھے اور اس کی وجہ سے وبا کے خلاف لڑائی سے توجہ ہٹ جاتی۔