مقبوضہ کشمیرمیں رمضان کا خونیں آغاز،بھارتی دہشتگردفوج نے 5نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع پلوامہ اور اننت ناگ میں دو مختلف آپریشنز میں سیکورٹی فورسز نے 5کشمیری نوجوان شہید کر دئیے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکیورٹی فورسز نے ہفتے کی صبح3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹلیجنس اطلاعات موصول ہونے کے بعد صبح سویرے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ کے گور پورہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ .جس کے بعد ہونے والی فائرنگ میں تین نوجوان شہید ہو گئے۔
اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کی رات جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے خار پورہ ارونی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے آپریشن کے دوران2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق علاقے میں آپریشن اس وقت ہوا جب کولگام ضلع کے پولیس کانسٹیبل سرتاج احمد ایتو کو نامعلوم بندوق برداروں نے اغوا کیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کر دی۔تلاشی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو نوجوان شہید ہو گئے۔پولیس نے دونوں کی لاشیں اپنی تحویل میں لی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق دونوں مقامی کشمیر نوجوان ہیں تاہم پولیس نے انکی شناخت ظاہر نہیں کی۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں قائم سی آر پی کیمپ پر نامعلوم افراد نے گرینیڈ حملہ کیا ۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سی آر پی ایف ترجمان نے بتایا کہ کے مطابق چاڈورہ کے ڈونی واری علاقے میں قائم سی آر پی ایف کیمپ پر نامعلوم افراد نے ایک گرینیڈ پھینکا ۔ اس حملے میں تین سی آر پی ایف جوان زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جمعے کو پلوامہ قصبے میں لوگوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد علاقے میں بھارتی فورسز اہلکاروں اور لوگوںکے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے جامع مسجد پر چھاپہ مارا اور توڑ پھوڑکی ۔ بھارتی پولیس اور فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے جسکے بعد مظاہرین اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔جھڑپوںکے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ قابض فورسز اہلکاروں نے قصبے میں کئی نوجوان گرفتار کر لیے اور املاک کو نقصان پہنچایا۔