صنعتی کارکنوں کو دی جانیوالی امداد میڈیا کارکنوں کو بھی فراہم کی جائیگی، فردوس
اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام ترکوششوں اور پالیسیوں کا مقصد عوام کو کوروناوائرس سے تحفظ فراہم کرنا اور اس وباء کے معاشی اثرات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کے روز صوبائی وزرائے اطلاعات کے چوتھے اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر ملک بھر میں ماہرین صحت کو جو کورونا کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں ذاتی تحفظ کا سامان فراہم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں کیمرہ مینوں کے درمیان حفاظتی کٹس کی تقسیم کا عمل آج شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو یہ حفاظتی کٹس تمام صوبوں میں مرحلہ وار فراہم کی جائیںگی۔