حکمران جماعت تحریک انصاف کا آج 24واں یوم تاسیس منایا گیا

آج(ہفتہ)ملک بھر میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کاچوبیسواں یوم تاسیس منایا جارہا ہے۔ تحریک انصاف کی بنیاد پچیس اپریل 1996 کو موجودہ وزیراعظم عمران خان نے رکھی تھی اور اس کا بنیادی مقصد ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست کا قیام ہے جہاں لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار سمیت زندگی کی تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے اس دن کی مناسبت سے ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ چوبیس سال پہلے ان کی جماعت نے پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کو پورا کرنے کے مشن کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے تصور کے حصول کرنے کیلئے ہمیں قانون کی حکمرانی یقینی بنانا ہوگی جہاں تمام شہریوں کو قانون کے تحت برابری حاصل ہوگی اور طاقتور کو قانون کے تحت لایا جائیگا۔