کورونا ایس اوپیز عملدرآمد، پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کرے گی: وزیر داخلہ شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں پاک فوج کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کرانے کی غرض سے سول انتظامیہ کی مددکرے۔آج ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ملک میں بڑھتے ہوئے کوروناکیسز کے تناظر میں قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کے لئے تمام وفاقی اکائیاں‘ دارالحکومت اسلام آباد‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر اپنی ضروریات کے مطابق فوجی دستوں کی خدمات طلب کرسکتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج سانحات‘ سیلاب اور زلزلوں سمیت ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت میں کورونا کے روزانہ چار لاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جس سے شمشان گھاٹ اور قبرستانوں پر دبائو بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں پاک فوج کو وبا کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔