مالی سال 2016ـ17 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 3 فیصد اضافہ

رواں مالی سال2017ـ18 کے پہلے ماہ جولائی کے دوران ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 3 فیصد کے اضافے سے برآمدات کا حجم ایک ارب ڈالر سے بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 979.414ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 20.47فیصد کا اضافہ جبکہ نٹ ویئرز کی برآمدات میں 5.8 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ،اسی طرح بستر کی چادروں کی برآمدات میں 0.57 فیصد کا اضافہ اور تولیہ کی برآمدات میں 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی سے برآمدات کے فروغ میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے برآمدی پیکیج اور ریفنڈز کی ادائیگیوں سے صنعتکاروں کو مالی مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملی ہے جبکہ شعبے کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کے باعث بھی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔