اپوزیشن جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس,اجلاس میں متفقہ صدارتی امیدوارلانے پر غور

مری میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن کے سربراہان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں متحدہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اتفاق رائے سے صدارتی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے کا اصولی فیصلہ کیا۔ اجلاس میں مشترکہ امیدوار کے چناؤ کے لئے قابل عمل تجاویز زیر غور آئیں۔ اس کو حتمی شکل دینے کے لئے پیپلزپارٹی کے وفد نے اپنی قیادت سے حتمی مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا۔ دیگر جماعتوں نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو اختیار دیا کہ وہ تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد اتوار کو حتمی امیدوار کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ متحدہ حزب اختلاف کی جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اورجمہوری پارلیمانی نظام کو آزاد کرانے کے لئے مشترکہ جدو جہد جاری رکھیں گی۔ ان مقاصد کے لئے متحدہ حزب اختلاف کی جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر متحد رہیں گی۔ اجلاس میں سیاسی قیادتوں پر بے بنیاد مقدمات کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی پالیسی کو مسترد کیا گیا۔