عرب امارات میں مودی کو ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی, اگر بھارت نے ہماری طرف انگلی اٹھائی تو اس کے ہاتھ توڑ دیں گے: فواد چوہدری
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا سفارتی اور سیاسی نظریہ بالکل صحیح ہے، ہم درست طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم کا دورہ امریکا بہت سود مند رہا، سلامتی کونسل نے کشمیرکو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کیا، امریکی صدر نے عمران خان اور مودی سے 2،2 بار بات کی، ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانس میں بھارت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم 27 ستمبر کو یو این کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، بھارت امن چاہتا ہے تو امن دکھائیں گے، جنگ چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی تیار ہیں، بھارت سے تین جنگیں لڑچکے، چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، ہمارا بچہ بچہ جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے، آپ ہمیں مکا دکھائیں گے تو ہم آپ کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک لکیر کھینچ کر کشمیر کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جانیں دے کر قربانیوں کی طویل داستان رقم کی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ یہ نہ دیکھیں عرب ریاستیں کیا کریں گی، یورپی ریاستیں کیا کریں گی یا امریکا کیا کرے گا۔ انہوں نے کہا ہمیں اس نکتہ نظر سے باہر آنا چاہیے کیونکہ اقوام کو اپنی جنگیں خود لڑنا پڑتی ہیں۔وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے خبردار کیا کہ اگر بھارت انگلی دکھائے گا تو پاکستان ہاتھ توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مکا دکھانے پر بھارت کا جبڑا توڑ دیں گے۔فواد چوہدری نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو وہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے، ہم بھی تیار ہیں۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ کشمیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے انسانیت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر میں کرفیو ہے، لوگوں کو باہر نہیں نکلنے دیا جا رہا، دنیا دیکھ رہی ہے 80لاکھ افراد جیل کی طرح پڑے ہیں، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں زندگی تنگ کردی ہے، مودی سمجھتا ہے کہ کشمیر پر لکیر لگانے سےعلاقہ بٹ جائےگا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل اس لیے بنایا ہوا ہے کہ باہر کی دنیا کو کچھ پتا نہ چلے لیکن مودی بری طرح پھنس گیا ہے۔ عالمی آزاد میڈیا مودی کے اقدامات کو نازی جرمنی سے تشبیہ دے رہا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا میں اب کوئی اسلامی بلاک نہیں رہا، اسلامی ممالک انتشار کا شکار ہیں، یواےای آج جس مقام پر ہے اس میں پاکستان کا بھی کردار ہے، یو اے ای کا مودی کو ایوارڈ دینے سے پاکستان میں مایوسی ہوئی۔