کشمیر کے تنازعے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خدشہ ہے،امریکی تھنک ٹینک
امریکی تھنک ٹینک نے خبردار کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے سے ایٹمی جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے اور کشمیر کاتنازعہ اس جنگ کیلئے آگ کی چنگاڑی ثابت ہوسکتا ہے جس سے جنوبی ایشیاء میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ٹیکساس کے علاقے Austin میں قائم جغرافیائی وسیاسی امور کے تھنک ٹینک کی رپورٹ میں کشمیر کو بھارت کا داخلی معاملہ یا بھارت اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تنازعہ قراردینے پر بھی مختلف رائے کا اظہار کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کے بعد ایٹمی جنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی پالیسی ترک کررہا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں پہلے کشمیر کے عوام کو انکا حق استصواب رائے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا گیا۔امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
گزشتہ فروری میں پاکستان نے بھارت کا ایک لڑاکا طیارے مار گرایا اور طیارے کے پائلٹ کو واپس بھارت کے حوالے کیا تھا تاہم بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے نہ تو پاکستان کے اس مصالحتی اقدام کو سراہا اور نہ ہی مودی حکومت کشمیر کے معاملے پر بات چیت کیلئے آمادہ ہے جس کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے استصواب رائے کا حق دینے کا وعدہ کیا گیا تھا.