سرکاری املاک پر غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کا خاتمہ , صدر مملکت نے سرکاری املاک آرڈیننس 2021 کی منظوری دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرکاری املاک (خاتمہ، تجاوزات)آرڈیننس 2021 کی منظوری دے دی۔صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت آرڈیننس جاری کردیا، اس آرڈیننس کا مقصد سرکاری املاک پر غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کا خاتمہ ہے۔آرڈیننس کے مطابق غیر قانونی قبضہ چھڑانے کے لیے مجاز آفیسر کے پاس حکم نامہ جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔اس میں کہا گیا کہ املاک خالی نہ کرنے پر آفیسر کو کارروائی کرنے اور طاقت استعمال کرنے کا اختیار ہوگا۔اسی طرح مقامی پولیس سرکاری املاک واگزار کرانے کیلیے انتظامیہ کو ضروری معاونت فراہم کرے گی۔تجاوزات کے خاتمے پر خرچ ہونے والی رقم بھی غیر قانونی قابض سے وصول کی جائے گی۔غیرقانونی قبضہ کرنے والے افراد کو قید اور جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔تجاوزات کے خاتمے کے لیے صدر مملکت چیف جسٹس کی مشاورت سے ایپلٹ ٹربیونل تشکیل دیں گے۔سرکاری املاک پر قبضے کے خاتمے سے متعلق معاملات پر ایپلٹ ٹربیونل ہی مجاز ادارہ ہوگا۔