سعودی عرب اور روس میں فوجی تعاون بڑھانے کا معاہدہ طے پا گیا
سعودی عرب اور روس نے باہمی فوجی تعاون بڑھانے کے ایک معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز میں نے روسی نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فورن کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت سعودی عرب اور روس کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔"شہزادہ خالد انٹرنیشنل ملٹری ٹیکنیکل فورم (ARMY 2021) میں شرکت کے لیے پیر کو روس پہنچے تھے۔ معاہدے پر دستخط سے قبل انہوں نے روسی وزیر دفاع سرگئی شویگو سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری اور دفاعی تعاون بڑھانے کے امور پر غور کیا گیا۔شہزادہ خالد کا کہنا تھا کہ روسی وزیر دفاع سے ملاقات میں "دونوں ممالک کی جانب سے خطے میں سلامتی اور سکیورٹی کی سعی اور مشترکہ طور پر درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔