وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ عہدے کی اہل نہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کراچی میں وفاقی کابینہ کے سو ویں اجلاس میں اپنا استعفیٰ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کی لیڈر شپ پر پوری طرح اعتماد کرتی ہیں اورصدر کی قیادت میں آگے بڑھنے کے وژن سے متفق ہیں لیکن وہ خود کو اس عہدے کی اہل نہیں سمجھتیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی اجازت سےمستعفی ہورہی ہیں،جس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کسی کو کم تر نہیں سمجھا جاتاانہیں فردوس عاشق اعوان کے مستعفی ہونے کی وجہ سمجھ نہیں آئی،استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان آبدیدہ ہوگئیں، واضح رہےفردوس عاشق اعوان موجودہ حکومت کی تیسری وزیراطلاعات ہیں انہیں قمرزمان کائرہ کی جگہ وزیراطلاعات بنایا گیاتھا. قمرزمان کائرہ سے قبل امریکا میں پاکستان کی نامزد سفیر شیری رحمن وزیر اطلاعات تھیں لیکن انہوںنے حکومت سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیدیا تھا،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان دو ہزار دو میں پہلی بار قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔