حکومت قائداعظم کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوریت کی بقا اورملکی استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔ یوسف رضا گیلانی

کراچی میں وفاقی کابینہ کے سوویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے اصولوں پرعمل کیاجاتا تو ملک میں دہشت گردی کا مسئلہ پیدا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے۔ آئین کی بحالی، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ موجودہ حکومت کے کارنامے ہیں۔ پارلیمنٹ، عدلیہ اور آرمی کی عزت کرتے ہیں۔ یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نےانتقام کی سیاست کو دفن کرکے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم نے جمہوری حکومت کی تشکیل کو ملک کا مستقبل قراردیا۔ بابائے قوم کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے وژن پرعمل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمہوریت مسلمانوں کے خون میں رچی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت بینظیر بھٹو شہید کے وژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ جاری رکھے گی۔ سال دوہزاربارہ کو بلوچستان کےعوام کی ترقی کے لئے ہونا چاہئے۔ اجلاس میں گورنر اور وزیراعلٰی سندھ بھی شریک ہیں۔