غیر آئینی حربوں سے تیسری قوت کوموقع ملے گا۔ ملک کا مستقبل پارلیمانی جمہوریت سے منسلک ہے .وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی
مزارقائد پرحاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے ساتھ حکومت چلارہے ہیں۔ افواہوں کی فیکٹری مارچ میں بند ہوجائے گی۔ جبکہ آئندہ انتخابات میں بھی اتحادی حکومت ہی قائم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوج ،عدلیہ اور میڈیا کی قدر کرتے ہیں، تمام اداروں کو اپنی اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے، وزیراعظم نے کسی بھی ادارے پر تنقید کے تاثر کو بھی غلط قرار دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگرصدر، وزیراعظم، یا کسی وزیراعلیٰ کو ہٹانا ہے تو آئین میں طریقہ درج ہے،غیرآئینی حربوں سے نظام کمزور ہوگااورتیسری قوت کوموقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اہم ترین مسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کردیئے ہیں اوروزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جبکہ تمام وزارتوں کو ایک ماہ میں اپنی کارکردگی عوام کے سامنے لانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ مہنگائی پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے تاہم حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سال دوہزار بارہ کو بلوچستان کے مسائل کے حل کا سال قرار دیا گیا ہے۔