اسٹیبلشمنٹ مشرف دور میں قومی خزانے کو بری طرح لوٹنے والے چہروں کو مسیحا بنا کر سامنے لارہی ہے۔ شہباز شریف

لاہور رنگ پر نوازشریف انٹرچینج کے افتتاح کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چونسٹھ سال پہلے لاکھوں جانوں کی قربانی سے حاصل کردہ ملک کو زرداریوں اور مداریوں نے لوٹ کر کھوکھلا کردیا ہے۔ ڈرون حملوں کے حوالے سے امریکہ کیساتھ خفیہ معاہدہ کرکے قوم کے خون کا سودا کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی ماں جماعت ہے اس سے غلطی تو ہوسکتی ہے مگر ملک کیساتھ بددیانتی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ اس سے پہلے لاہور مذبحہ خانے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ یوم قائد ہمیں غیروں سے معاشی آزادی حاصل کرنے کا پیغام دیتا ہے، جب تک ایماندار قیادت برسراقتدار نہیں آتی پاکستان کے مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلی نے فیروزپور روڈ پر بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ترکی کے تعاون سے قائم ہونیوالے اس سسٹم سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عام آدمی کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔