زرداری کے دن تھوڑے ہیں ، بلوچوں سے معافی مانگتا ہوں ، وعدہ کرتا ہوں نوے دن میں کرپشن ختم کر دونگا. عمران خان
کراچی میں مزار قائد پر عمران خان جب جلسے سے خطاب کیلئے آئے تو پنڈال عمران خان اور تحریک انصاف کے نعروں سے گونج اٹھا۔ لوگوں نے جھنڈے اور ہاتھ ہلا کر ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب لاہور میں انہوں نے عوام کا سونامی دیکھا تو سوچا تھا کہ اس سونامی کو شکست دینا مشکل ہے لیکن کراچی والو کو مبارک ہو کہ انہوں نے لاہور کے سونامی کو بھی شکست دے دی عمران خان نے کہا کہ جلسے سے قبل فیصلہ کیا تھا کہ کسی سیاستدان کو برا نہیں کہوں گا لیکن ایک بات نواز شریف کو کہوں گا کہ دس اوورز کا میچ جلدی کھیل لیں ، کہیں یہ نہ ہو کہ آپ کی ٹیم ہی نہ بن سکے ۔صدر زرداری صاحب کیساتھ بھی میچ کھیلنا چاہتا تھا لیکن وہ ریٹائرڈ ہارٹ ہو گئے انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی میں کسی کو ٹکٹ نہیں ملے گا جب تک وہ اثاثے نہیں ظاہر کر ے گا، اثاثے ظاہر کر کے کرپشن کرنا مشکل ہو جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے اوپر قابو پاناتعلیمی نظام سے آسان ہے ،ہر روز کرپشن کی وجہ سے پاکستان کو تین سو کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے، وعدہ کرتا ہوں نوے دن میں کرپشن ختم کرکے دکھائیں گے، عمران خان نے کہا کہ بلوچی بھائیوں میں پاکستان کی طرف سے آپ سے معافی مانگتا ہوں ۔ ہم نے آپ پر ظلم کیا ہے، آپ سے معافی مانگتا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں جب ہماری حکومت آئے گی آپ سے ہم وہ سلوک کریں گے جو مغربی جرمنی نے مشرقی جرمنی سے کیا انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کے سونامی کے بعدسونامی کا اگلا پڑاﺅ تئیس مارچ دو ہزار بارہ کو کوئٹہ میں ہو گا۔