سپریم کورٹ نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا نیا بورڈتحلیل کردیا
سپریم کورٹ نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا نیا بورڈ تحلیل کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ منگل کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے نئے بورڈ کی تشکیل کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ ممبران کی تقرری سپریم کورٹ سے منظوری کے بغیر کی گئی۔ سپریم کورٹ نے مجوزہ نام عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ سپریم کورٹ کی منظوری کے بغیر ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔فاضل عدالت نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری ہیلتھ اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ کو دو روز میں توہین عدالت نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کر دی۔