سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود ایک روزہ دورے پر جمعرات کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود ایک روزہ دورے پر جمعرات کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائشیا سمٹ میں پاکستان کے عدم شرکت کے فیصلے کے بعد سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ادھرسعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں پاکستان کی پارلیمان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے منگل کے روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس ملاقات میں پارلیمانی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ روابط کے فروغ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسد قیصر کے ہمراہ دورے پر جانے والے پاکستانی وفد میں شامل دوسری شخصیات بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، سعودی شوریٰ کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ، پاکستان میں متعیّن سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز بھی موجود تھے۔