پشاورمیں سوئی گیس کے بحران نے سنگین صورتحال اختیار کرلی
پشاورمیں سوئی گیس کے بحران نے شدت اختیار کرلی اور صبح و شام کے علاوہ رات کے وقت گیس کی طویل لوڈشیڈنگ معمول بن جانے سے گھریلو امور کی انجام دہی مشکل ہو گئی ہے جبکہ بچے سردی کے باعث بیمار ہو رہے ہیں ۔شہریوں نے سلنڈرزمیں ایل پی جی گیس بھروانا شروع کر دی تاہم ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ کر دیاگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں سوئی گیس بحران شدت میں اضافہ کے ساتھ ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے شہرکے مختلف علاقوں میں گیس تعطل معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں نے سلنڈرز میں ایل پی جی گیس بھرنا شروع کر دیا ہے ۔پشاورمیں خستہ حال گیس سپلائی لائن اور بڑے پیمانے پر گھروں اور کارخانوں میں کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے سوئی گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے اورگیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے اور بازاروں میں ہوٹل اور تندور بھی متبادل ذرائع پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔بیشتر علاقوں کے عوام نے گیس بحران پر قابو نہ پائے جانے پر احتجاج کی دھمکی دی ہے تاہم ابھی تک اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔