یوم قائد پر صدر پاکستان اور وزیراعظم کا قائداعظم کو خراج عقیدت

: یوم قائد پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو آج قائداعظم کے وضع کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ہمیں اندرونی خلفشار ختم کر کے ملک کی ترقی کے لیے شبانہ روز محنت کرنی ہے قائداعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد اور سیاسی بصیرت کی عکاس ہے، قائداعظم کی زندگی ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہی انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے، قائد کے سنہرے اصولوں پر عمل کر کے ہی پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم قائد کے نظریات پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اتحاد کے فقدان سے بڑھ کر کوئی چیز قوم کو کمزور نہیں کر سکتی۔ قائد کے نظریے کی پاسداری ہی ہمیں تمام مشکلات کو شکست دے سکتی ہے۔ اس دن میرا عزم ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرتے رہیں۔