ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا۔
ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں سوئی پلانٹ سے کنواں نمبر پینتیس کو گیس سپلائی کرنے والی واقع آٹھ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میںسکیورٹی پر مامور چوکیدار بھی شدید زخمی ہوگیا۔دھماکے سے پائپ لائن میں آگ بڑھک اٹھی اور آگ کے شعلے میلوں دور تک دکھائی دیئے۔اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز اور لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ زخمی چوکیدار کو سوئی کے پی پی ایل ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ امدادی ٹیموں کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ گیس کے اخراج کو روکنے کے لئے یونٹ سے گیس کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ دوسری جانب بی آر اے نامی تنظیم نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔