لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر لاہور بورڈ سے ریکارڈ طلب کر لیا

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے نااہلی کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار محمد بخش تارڑ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر برائے ورکس لیاقت عباس بھٹی نے ایف اے کی جعلی ڈگری پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا اور جیتنے کے بعد وفاقی وزیر بنے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ لیاقت عباس بھٹی جعلی ڈگری رکھنے کی بناء پر آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ لیاقت عباس بھٹی کے وکیل نے جواب داخل کرانے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر لاہور بورڈ سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت چھ مارچ تک ملتوی کر دی۔