انصاف کی فراہمی نیکی کا کام ہے، ضلعی عدلیہ کوقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اچھے فیصلے کرنا ہوں گے.لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے لاہورمیں ضلعی عدلیہ کے ججوں کو آسان اقساط پرکاریں فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اعلی عدلیہ اور ضلعی عدلیہ کی ضروریات یکساں ہیں تاہم ججوں کے طورطریقے سادگی پر ہونے چاہیئں کیوں کہ سب سے زیادہ حسن سادگی میں ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نجی بینک کے ساتھ طے پائے گئے معاہدے کے مطابق ضلعی عدلیہ کے ججوں کو تیرہ سو سی سی کاریں آسان اقساط پرفراہم کی جائیں گی۔ تقریب کےموقع پرچیف جسٹس نے اس سکیم میں حصہ لینےوالے سیشن جج سرگودھا عبدالستار کو کار کی چابی دی۔ تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز، لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار اور عدالتی عملے نے بھی شرکت کی۔