الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے والی ایک سو تین سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ نہ کرنےکا حتمی فیصلہ کرلیا۔ دوہری شہریت والا شخص پارٹی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا۔ الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن ذرائع کےمطابق مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف سمیت ملک کی ایک سو تین سیاسی جماعتوں نے انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرائے، جنھیں الیکشن کمیشن نے نوٹسز بھی جاری کیے لیکن کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہےکہ ان سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں انتخابی نشانات الاٹ نہیں کیے جائیں گے۔ ذرائع کےمطابق الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کریگا۔ ادھر الیکشن کمیشن میں طاہرالقادری اور حکومت کے درمیان معاہدے کےخلاف درخواست کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹی آرڈر دوہزار دو کے سیکشن فائیو کے تحت پارٹی عہدے کیلئے بھی ممبر پارلیمنٹ والی شرائط لاگو ہوتی ہیں اسلئے دوہری شہریت والا شخص نہ پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے اور نہ ہی پارٹی کا کوئی عہدہ رکھ سکتا ہے۔