لاہور ہائیکورٹ: وفاقی حکومت سے سعودی ولی عہد کے دورے کی اخراجات کی تفصیلات طلب
لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کی اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ پیرکو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد پر اخراجات کی تفصیلات کے حصول کے لیے ہائیکورٹ میں متفرق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو 19مارچ کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کو معلومات کے حصول کیلئے انفارمیشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہئے تھا۔ درخواست گزار وکیل نے کہا کہ مفاد عامہ کے کیسز میں انفارمیشن کمیشن سے رجوع کرنا لازمی نہیں۔ سعودی ولی عہد کی آمد پر عوام کے 20کروڑروپے خرچ کیے گئے، 300لگژری گاڑیاں کرائے پر لی گئیں، ایف 16اور ایف 17نے مہمان کو پروٹوکول دیا، سعودی ولی عہد کے استقبال میں عوامی پیسوں کا ضیاع اسلامی قوانین کے منافی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت حکومت سے اخراجات کی تمام تر تفصیلات طلب کی جائیں۔