میزائلوں کے تجربات میں ناکامی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔ ایران کا الزام
ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ تہران کی جانب سے میزائلوں کے تجربات میں ناکامی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔ امریکی حکومت ایک سازش کے تحت ایران کے میزائل پروگرام میں خرابی پیدا کرکے اسے نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے ایک بیان میں اعتراف کیا کہ ایران کو اس کے میزائل پروگرام میں خرابیاں پیدا کرنے کی امریکی سازشوں کے حوالے سے ٹھوس معلومات حاصل ہوئیں ۔ایرانی عہدیدار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب خود ایرانی حکومتی حلقوں میں میزائل پروگرام کے حوالے سے اختلافات پائے جا رہے ہیں۔حاجی زادہ نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام میںفالٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ سب کچھ امریکا کررہا ہے تاکہ ایران کا میزائل پروگرام ناکامی سے دوچارہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھ گئے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے میزائل پرو گرام کو کس کس نے کیسے کیسے طریقوں سے ناکام بنانے کی مذموم کوشش کی۔اگر ہمیں بیرون ملک سے میزائلوں کے لیے کوئی پرزہ منگوانا پڑتا ہے تو امریکا اس میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ امریکا کی اس سازش کا مقصد اور ہدف تہران کو میزائل ٹیکنالوجی سے محروم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے پہلے ہمیں میزائل سازی سے روکا۔ اس کے بعد بیرون ملک سے پرزہ جات کی ترسیل پر پابندی لگائی گئی۔ پھر بیرون ملک سے بورڈ منگوانے پرپابندی عائد کی اور اب الیکٹرانک آلات ایران کو فراہم کرنے سے روک رہا ہے۔ ایران کے دشمنوں کی ان تمام سازشوں کے باوجود تہران اپنے دفاعی پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔