جعفرطیارسوسائٹی ملیر میں 3 منزلہ عمارت گرنے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے جعفرطیارسوسائٹی ملیر میں 3 منزلہ عمارت گر گئی، ملبے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں علمدار مسجد و امام بارگاہ کے سامنے پنجتن پاک نامی 3 منزلہ عمارت گر گئی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔جب کہ اسکول یونیفارم پہنے ایک بچے سمیت 3 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔پاک فوج کے انجینئرنگ کورکا دستہ جائے وقوعہ پرپہنچ گیا، پاک فوج کے جوان ہیوی مشینری کے ساتھ وقوعہ پرپہنچے۔عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں کررہے ہیں، جائے وقوعہ پر ایدھی کے رضا کار، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موجود ہیں۔جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اب تک 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔اہل محلہ کا کہنا ہے کہ عمارت میں 2 خاندان رہائش پذیر تھے، متعدد افرد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔،بعض اطلاعات کے مطابق3 خاندان جب کہ ملیر تھانے کے ایس ایچ او شاکر حسین نے بتایا کہ عمارت میں چھ خاندان رہائش پذیر تھے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملبے سے 4افراد کو نکال لیا گیا جب کہ کم ازکم 12افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔حادثہ صبح ساڑھے 7بجے کے قریب اس وقت پیش آیاجب سب لوگ سورہے تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے تفصیلی رپورٹ دی جائے کہ عمارت کیسے گری، ہرصورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔گورنرسندھ نے کمشنرکراچی کو امدادی کام تیزکرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ملبے میں دبے افراد کو فوری نکلنے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، انسانی جانوں کو ہر صورت بچایا جائے جب کہ کراچی بلڈنگ کنڑول اتھارٹی اور ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی ایسے واقعات کی وجہ ہے۔