پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی

لاہور : پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی، راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ نوازشریف 16ہفتوں سے آج تک لندن کے کسی اسپتال میں ایڈمٹ نہیں ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے ایک اجلاس میں اراکین کی اکثریت نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے میڈیا کو تفصیلات کے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ8ہفتے مکمل ہونے سے2دن پہلے خواجہ حارث کی درخواست آئی، ہمیں ہائی کورٹ کے حکم پر نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ کرنا تھا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر درخواست پرمیڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس نے متعدد اجلاس کئے اور تمام رپورٹس کا جائزہ لیا، میڈیکل بورڈ نے رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے موجودہ رپورٹس پر غور کیلئے ایک کمیٹی قائم کی۔ کمیٹی نے کہا کہ نوازشریف کے ڈاکٹر عدنان کا ویڈیو بیان لیا جائے جب ڈاکٹر عدنان سے کہا گیا کہ مزید تفصیلات دیں تو جواب میں انہوں نے کہا جو رپورٹس دی ہیں ان ہی پر فیصلہ کریں، تاہم اب کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے نوازشریف کی ضمانت میں مزید توسیع نہیں ہوسکتی۔