سنگین غداری کیس: لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج

سنگین غداری کیس میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بار کے سابق صدر نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزائے موت کا فیصلہ بحال کرنے کی استدعا کی ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کو خصوصی عدالت کےخلاف درخواست سننے کا اختیار نہیں تھا، خصوصی عدالت کی تشکیل مروجہ قانون کے مطابق ہوئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کا درست جائزہ نہیں لیا، اوراستغاثہ کے شواہد کو کوئی اہمیت نہیں دی،پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ تسلیم شدہ حقائق پر تھا۔ واضح رہے کہ تیرہ جنوری کو لاہورہائی کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو سزائے موت کا فیصلہ سنانے والی خصوصی عدالت کی تشکیل غیرآئینی قراردی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ آرٹیکل چھ کےتحت ترمیم کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جاسکتا،ملزم کی غیر موجودگی میں ٹرائل غیر قانونی ہے، خصوصی عدالت کی تشکیل کے وقت آئینی و قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے