وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہورسگیاں روڈ بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں سگیاں روڈ تعمیر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس روڈ کی تعمیر کے افتتاح پر آپ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے چارج لیا چھپن ارب روپے کے چیک ڈس اونر ہوئے تھے، آج ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت تمام صوبے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم لاہور کے اندر گزشتہ حکومت سے زیادہ ترقیاتی کام کروا رہے ہیں، تحریک انصاف کا مشن گڈ گورننس اور انصاف کرنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایڈمنسٹریشن کے ساتھ خود رابطہ کرتا ہوں اور ان سے تمام معاملات کا پوچھتا ہوں ، یہ منصوبہ ساڑھے 4 ارب روپے لاگت کا ہے جو وقت سے پہلے مکمل ہوگا، اگر میں پنجاب کی ترقیاتی اسکیموں کی بات کرنا شروع کردوں سال لگ جائیگا منصوبے کا ذکر ختم نہیں ہوگا، بڑے منصوبوں کی بات کرتا ہوں جس میں سب سے پہلے ہیلتھ کارڈ ہے جسکے ذریعے دس لاکھ روپے تک ایک شخص علاج کروا سکتا ہے۔